پشتونخوا نیپ نے انتخابات سے قبل اتحاد پر زور دیا۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، مرکزی سیکریٹری مالیات یوسف خان کاکڑ اور صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ پشتونخوا نیپ کی قیادت اور کارکن ہی پشتون افغان ملت کے قومی ارمانوں اور امنگوں کے حقیقی ترجمان ہیں۔ انہوں نے پشتون عوام پر زور دیا کہ وہ پارٹی صفوں میں شامل ہو کر قومی اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں اور انتخابی نشان انگور کے خوشے پر مہر لگا کر اپنے مسائل کے حل کے لیے جاری جدوجہد کو تقویت دیں۔
وہ ترین شور اور کچلاغ کے علاقوں کلی لنڈی اور کلی اٹوزی میں عوامی اجتماعات اور شمولیتی تقاریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اجتماعات سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری رحمت اللہ صابر، حاجی ابراہیم موسیٰ خیل، ملا گل رحمان، مصباح خان، مرکزی کمیٹی کے رکن واسع افغان، ملک گران اور ضلعی معاون امیر محمد نے بھی خطاب کیا۔
تقریب کے دوران ترین شور میں 17 جبکہ کچلاغ دوم کلی لنڈی میں علاؤالدین بادیزئی کی قیادت میں 27 افراد نے اپنے خاندانوں سمیت پشتونخوا نیپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ عوامی اجتماعات میں پارٹی امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا گیا۔
رہنماؤں نے کہا کہ بلدیاتی نظام نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کا بہترین ذریعہ ہے، مگر ملک کی تاریخ گواہ ہے کہ آمرانہ اور جمہوری دونوں ادوار میں بلدیاتی اداروں کو مستقل بنیادوں پر اختیارات اور وسائل فراہم نہیں کیے گئے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک گیر جماعتوں کا بلدیاتی نظام کے استحکام کے حوالے سے رویہ ہمیشہ منفی رہا ہے۔
انہوں نے ضلع کوئٹہ کے عوام پر زور دیا کہ وہ درپیش مسائل کے پیش نظر سنجیدگی سے فیصلہ کریں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ضلع کوئٹہ سے پشتونخوا نیپ کے سب سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں اور عوام انہیں کامیاب بنا کر اپنے مسائل کے حل کی جدوجہد میں ساتھ دیں۔
Comments are closed.