ڈی آئی جی قلات: اقلیتوں کے حقوق اور سیف سٹی منصوبے پر توجہ
اوتھل، 19 دسمبر 2025 (رپورٹ: عزیز یوسف زئی)
ڈی آئی جی قلات رینج وزیر خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق دیگر شہریوں کے برابر ہیں اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے یہ بات پولیس لائن اوتھل میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کہی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت بڑے شہروں میں سیف سٹی منصوبے کے تحت کیمرے نصب کر رہی ہے اور کوئٹہ، خضدار اور دیگر شہروں میں اس پر کام جاری ہے۔ ضلع لسبیلہ کے ہیڈ کوارٹر اوتھل میں جی ڈی پی سی کی عمارت مکمل ہو چکی ہے اور عنقریب مین آر سی ڈی شاہراہ پر سیف سٹی کیمرے نصب کیے جائیں گے، جو جرائم پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوں
گے۔
ڈی آئی جی قلات نے کہا کہ منشیات اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ ایرانی ڈیزل پر پابندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ صوبائی سطح کا معاملہ ہے اور فیصلہ صرف صوبائی حکومت کرے گی۔ ضلع لسبیلہ میں اے ٹی ایف کی فوری ضرورت نہیں، تاہم عوام کے مطالبات کے پیش نظر بکتر بند گاڑی اور اے ٹی ایف تعیناتی پر غور کیا جائے گا۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ جرائم کی شرح میں کمی کی ایک بڑی وجہ پولیس کے ساتھ تعاون ہے اور سی ڈی آر فوری حصول کے لیے موبائل فون کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے مختلف مسائل پیش کیے جن کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ، ایس ایس پی لسبیلہ، چیئرمین ضلع کونسل، اسسٹنٹ کمشنر بیلہ، بلدیاتی نمائندگان، قبائلی عمائدین، اقلیتی رہنما اور پولیس افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔
Comments are closed.