عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
خیبر پختونخوا سائنس ایجنڈا کے تحت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہائی اینڈ ٹیکنالوجی اور پروڈکٹ ڈیولپمنٹ کی نمائش
پشاور: خیبر پختونخوا سائنس ایجنڈا کے تحت وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہائی اینڈ ٹیکنالوجی اور پروڈکٹ ڈیولپمنٹ سے متعلق جدید منصوبوں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا مقصد قدرتی وسائل میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ویلیو ایڈیشن، مقامی صنعت کے فروغ اور صوبے کی معاشی ترقی کو تقویت دینا ہے۔ یہ بات ایڈوائزر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سہیل آفریدی نے بریفنگ کے دوران کہی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت بایومیڈیسن اور ایڈوانسڈ میٹیریلز کے شعبوں میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ نمائش میں پاکستان کا پہلا مصنوعی جلد (Artificial Skin) منصوبہ پیش کیا گیا، جو برن کیئر کے لیے پاک-آسٹریا فخہ شولے یونیورسٹی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیپاٹائٹس بی، سی، ایچ آئی وی اور دیگر بیماریوں کی تشخیص کے لیے مقامی سطح پر تیار کردہ پی سی آر کٹس کی بھی نمائش کی گئی، جبکہ پی سی آر کٹس کا منصوبہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو تفویض کیا گیا ہے۔
سہیل آفریدی کے مطابق ای رکشہ منصوبے کے تحت الیکٹرک رکشوں کی تیاری سے ایندھن پر انحصار میں نمایاں کمی آئے گی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا۔ نمائش میں کان کنی کے شعبے کے لیے دھماکہ خیز مواد کے متبادل کے طور پر لیکوئیڈ آکسیجن کے استعمال کی ٹیکنالوجی بھی پیش کی گئی۔
اس موقع پر جدید الیکٹرو سرجیکل آلات اور طلبہ کے لیے ای اسٹڈی کارڈ سسٹم کی بھی نمائش کی گئی۔ بریفنگ کے مطابق ای اسٹڈی کارڈ کے ذریعے طلبہ کو ای بکس، جدید ڈیجیٹل فیچرز اور اے آئی ٹیوٹرز کی سہولت میسر ہوگی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت انوویشن پر مبنی ترقی، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور خود انحصاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور ایسے منصوبے صوبے کو سائنسی و صنعتی ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کریں گے۔
Comments are closed.