گورنر خیبرپختونخوا کا صوابی میں 113 بستروں پر مشتمل ہسپتال بلاک کا افتتاح

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

صوابی، 21 نومبر:  گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال صوابی میں 113 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور عوام کو اپنے صوبے میں معیاری علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نئے ہسپتالوں کی تعمیر اور موجودہ طبی مراکز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔

افتتاحی تقریب میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ دس سال کے وقفے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال صوابی کا نیا بلاک تعمیر کیا گیا ہے، جو علاقے کے عوام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ حکومت نامکمل ترقیاتی منصوبوں کو فعال اور مکمل کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے جبکہ سابقہ حکومتوں کے عوامی مفاد کے حامل منصوبوں کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بنیادی اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے اور مشیر صحت کے تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

گورنر نے صوابی کے عوام کو نئے بلاک کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو مسجد کی تعمیر فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ترقیاتی سرگرمیوں کو وسعت دینا اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوابی میں بین الاقوامی معیار کا اسپورٹس گراؤنڈ تعمیر کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے نئے بلاک کو صوابی کے عوام کے لیے اہم سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل سے شہریوں کو اپنے ضلع میں بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے صوابی میں صحت کی مزید سہولیات کی فراہمی اور صوبے میں شعبہ صحت کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Web Desk

Comments are closed.