خیبر پختونخوا میں ڈیجیٹل پیمنٹس ایکٹ 2025 کی منظوری— صوبہ کیش لیس معیشت کی جانب تاریخی موڑ پر

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور | 22 نومبر 2025

خیبر پختونخوا حکومت نے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ڈیجیٹل پیمنٹس ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی ہے، جسے کابینہ کی حتمی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے مطابق اس قانون کے نفاذ کے بعد صوبہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کا جامع قانونی فریم ورک متعارف کرانے والا پہلا صوبہ بن جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مجوزہ قانون کے تحت صوبائی حکومت، کاروباری اداروں اور سروس سیکٹر میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کو لازمی قرار دیا جائے گا، جبکہ نئے رجسٹرڈ کاروباروں کو دو سال تک ڈیجیٹل لین دین پر کسی اضافی سیلز ٹیکس کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں پر اضافی چارجز وصول کرنا ممنوع ہوگا اور صارف کی جانب سے ڈیجیٹل ادائیگی قبول نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی شمار ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت، سہولت اور مالی تحفظ کو بڑھانا ہے۔

سہیل آفریدی کے مطابق بل مالی شمولیت، کاروباری آسانیوں، شفاف حکمرانی اور معیشت کی جدید کاری کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جبکہ صارفین اور کاروباری اداروں کے ڈیٹا کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

عوامی سہولت کے لیے بازاروں میں پبلک وائی فائی، ڈیجیٹل سہولت مراکز اور آن لائن خدمات کی توسیع کی جائے گی، جبکہ تعلیمی نصاب میں مالی اور ڈیجیٹل خواندگی شامل کرنے کی تجویز بھی بل کا حصہ ہے تاکہ ضلعی سطح پر نفاذ اور آن بورڈنگ آسان بنائی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو ملک میں کیش لیس معیشت کا ماڈل صوبہ بنایا جائے گا، جو مستقبل میں وفاق اور دیگر صوبوں کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا۔

Web Desk

Comments are closed.