یورپی یونین کے سفیر کی وفاقی وزیر قانون و انسانی حقوق سے ملاقات

4

 یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر ہز ایکسیلینسی رائموندس کاروبلس نے آج وفاقی وزیر برائے قانون و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے یورپی یونین کے سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے یورپی یونین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے 2024ء میں شروع ہونے والے “حقوقِ پاکستان فیز II (ای یو حقوقِ پاکستان II)” پروگرام کے تحت حاصل کی جانے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ پروگرام حکومتی ڈھانچوں کو مضبوط بنانے، قومی انسانی حقوق کے اداروں کی استعداد بڑھانے، انسانی حقوق سے متعلق تعلیم اور آگاہی کو فروغ دینے اور کاروبار میں ذمہ دارانہ رویوں کی حوصلہ افزائی پر مرکوز ہے۔

وزیر نے سفیر کو قومی ایکشن پلان برائے انسانی حقوق پر بھی بریف کیا، جو اس وقت قانونی و پالیسی اصلاحات، انصاف تک رسائی، انسانی حقوق کی ترجیحات پر عملدرآمد، بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری، قومی اداروں کو مستحکم بنانے اور مؤثر مانیٹرنگ میکنزم قائم کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

یورپی یونین کے سفیر رائموندس کاروبلس نے ان اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پروگرام کے تحت حاصل کی جانے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین پاکستان کی انسانی حقوق کی ایجنڈے کو مزید آگے بڑھانے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات میں نومبر 2025ء میں منعقد ہونے والے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن کی تیاریوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مثبت نتائج کے حصول کے لیے قریبی تعاون اور تعمیری روابط ناگزیر ہیں۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں جانب سے انسانی حقوق کے فروغ اور پاکستان۔یورپی یونین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Web Desk

Comments are closed.