گوادر میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی وفد کی کھلی نشست
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گوادر، 26 نومبر: ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات بلوچستان زاہد سلیم کی قیادت میں اعلیٰ سطحی صوبائی وفد نے ڈپٹی کمشنر آفس گوادر میں مقامی عمائدین، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں کے ساتھ کھلی نشست کی، جس میں ضلع کے بنیادی مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے سرکاری اسپتالوں میں ایم آر آئی مشین، ایمبولینس، ڈائیلاسز اور طبی عملے کی فراہمی، اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، گرلز مڈل و ہائی اسکولوں کے قیام اور تعلیمی سہولیات بہتر بنانے کے مطالبات پیش کیے۔
میرانی ڈیم سے پانی کی فراہمی، واٹر سپلائی منصوبوں، ڈیموں میں پانی کے ذخیرے، متاثرہ زمینداروں کے معاوضوں، ساحلی شاہراہ پر حادثات، چیک پوسٹس، سرحدی تجارت اور جیونی سمیت دور دراز علاقوں میں سفری مشکلات بھی زیرِ بحث آئیں۔
شرکاء نے میونسپل کارپوریشن کے وسائل میں اضافے، صفائی ستھرائی، منشیات کی روک تھام اور ہندو برادری کے لیے شمشان گھاٹ کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا جائے گا، جبکہ بڑے ترقیاتی اور پالیسی معاملات وزیر اعلیٰ بلوچستان کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔


Comments are closed.