عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 26 نومبر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہوں نے مسلمانوں کو خودی، خودداری اور بلند حوصلے کا درس دیا اور نوجوان نسل کو کامیابی و ترقی کی راہ دکھائی۔ علامہ اقبال کے افکار اور فلسفے کو نئی نسل تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام گورنر ہاؤس پشاور میں ماہِ اقبال کے سلسلے میں منعقدہ علامہ اقبال کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے رہنما احمد کریم کنڈی، مسلم انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی، پروفیسر ڈاکٹر نورالامین یوسفزئی، ماہرین تعلیم، مفکرین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
گورنر نے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، جبکہ ان کا تصورِ خودی انسان کو اپنی صلاحیتیں پہچاننے اور کردار سازی کی طرف راغب کرتا ہے۔ تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ طلبہ و طالبات کی بہتر رہنمائی کے لیے قومی اور تعلیمی موضوعات پر سیمینارز کا انعقاد اور تعلیمی اداروں میں علمی و فکری سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمیں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن اور اپنے اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ ہمارا مقصد خیبرپختونخوا کو ایک ترقی کرتا اور خوشحال صوبہ بنانا ہے۔
انہوں نے علامہ اقبال کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی علمی و فکری تقریبات نئی نسل کو قومی مفکرین کی تعلیمات سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔


Comments are closed.