عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 27 اکتوبر 2025ء
وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں کئی دہائیوں سے ظلم و بربریت جاری ہے، اور آزادی کی آواز بلند کرنے والے کشمیری آج بھی بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جب تک اقوامِ
متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں ہوتا، جدوجہد جاری رہے گی۔
یہ بات انہوں نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر حریت رہنماؤں کے ہمراہ ریلی اور مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک نکالی گئی ریلی کی قیادت وفاقی وزیر امیر مقام نے کی۔ ریلی میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی، حریت رہنما عبدالحمید لون، فاروق رحمانی، چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون، سرپرستِ اعلیٰ پاکستان بیت المال زمرد خان، وزارتِ اطلاعات، وزارتِ خارجہ کے افسران، اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے
شرکت کی۔
شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگائے اور بھارتی قبضے کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے۔
اپنے خطاب میں امیر مقام نے کہا کہ “27 اکتوبر وہ دن ہے جب بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا،” آج بھی کشمیری عوام آزادی کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یاسین ملک کو پھانسی دینے کی سازش کر رہا ہے، ہزاروں کشمیری قیدی بھارتی جیلوں میں شہید ہو چکے ہیں، جبکہ لاکھوں بچے یتیم اور خواتین بیوہ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “بھارت کشمیر میں انٹرنیٹ بند کر کے کشمیریوں کی آواز دنیا سے چھپا نہیں سکتا،” حریت قیادت نے سخت حالات کے باوجود مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں کشمیر کاز کو عالمی سطح پر نئی تقویت دی ہے۔ بری، بحری اور فضائی افواج نے مادرِ وطن کے دفاع
میں قابلِ فخر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35A ختم کر کے اپنے آئین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی، جس کا مقصد کشمیر کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ان بھارتی کوششوں کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،” اور پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
تقریب سے حریت رہنما فاروق رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان، وزارتِ امورِ کشمیر اور وزیرِ خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے بھرپور انداز میں یومِ سیاہ منایا، جس سے دنیا کو کشمیر کا پیغام پہنچا۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ پاکستانیت اور کشمیریت لازم و ملزوم ہیں، کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔
سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے کہا کہ کشمیری بچوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، اور سویٹ ہوم کے بچے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ “ہم کشمیر کے ساتھ ہیں، کشمیر اور پاکستان کے پرچم ہمیشہ بلند رہیں گے۔”
یومِ سیاہ کی اس مرکزی تقریب نے کشمیری عوام کے عزم کو تازہ کیا اور عالمی برادری کو یاد دلایا کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
Comments are closed.