بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم غیر معیاری گوشت کی فروخت کے خاتمے کے لیے کامیابی سے مکمل
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 27 اکتوبر 2025ء
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیاری اور غیر صحت بخش گوشت کی فروخت کے خاتمے کے لیے جاری خصوصی مہم کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی۔ مہم کے آخری روز سیٹلائٹ ٹاؤن اور اے ون سٹی کے مختلف علاقوں میں 24 گوشت کی دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
بی ایف اے کی ٹیموں نے صفائی، اسٹوریج کی سہولیات اور گوشت کے معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات، غیر محفوظ ڈسپلے اور دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے پر 17 بیف، مٹن اور پولٹری مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی۔
غیر صحت بخش ماحول اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 11 بیف و مٹن اور 2 پولٹری شاپس کے مالکان کو جرمانے کیے گئے، جبکہ معمولی کوتاہیوں پر 5 دکانوں کو اصلاحی نوٹسز جاری کرتے ہوئے بہتری کے لیے مہلت دی گئی۔
مزید برآں، بغیر فوڈ بزنس لائسنس گوشت فروخت کرنے والے 4 قصابوں کے خلاف بھی چالان عائد کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کہا کہ مہم کا مقصد صوبے میں گوشت کے معیار، صفائی کے نظام اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسپیکشن ٹیموں نے قصابوں کو بی ایف اے کے اصولوں، فوڈ سیفٹی اقدامات اور صفائی کے تقاضوں سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی۔
وقار خورشید عالم نے واضح کیا کہ باسی و غیر صحت بخش گوشت کی فروخت، دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے اور فوڈ قوانین کی خلاف ورزی پر آئندہ مزید سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
Comments are closed.