عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 27 اکتوبر 2025
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے زبردستی جموں و کشمیر کی سرزمین پر قبضہ جمایا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ کشمیر کے بہادر عوام نے اپنی آزادی کی جدوجہد میں بے پناہ قربانیاں دیں اور ظلم کے خلاف ڈٹے رہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں، جہاں مسلمانوں کی نسل کشی، ماورائے عدالت قتل اور ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے آواز بلند کرے اور انہیں انصاف دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ 70 برس سے زائد عرصے سے کشمیر کے مسلمان بھارتی افواج کے ظلم سہہ رہے ہیں، اور مودی سرکار نے کشمیریوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں اور ان کی آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ میں مقبوضہ کشمیر کی بہادر عوام کو سلام پیش کرتی ہوں جو ظلم کے خلاف ڈٹ کر آواز بلند کر رہے ہیں، اور ان کے حوصلے اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ہر فورم پر کشمیر کاز کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے، اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے ہم کشمیری عوام کی قربانیوں، ہمت، اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے اور ان کی آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
Comments are closed.