عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد — اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف 9 کامیاب کارروائیوں میں خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 6 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 655.80 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔
پشین کے یارو ریلوے کراسنگ کے قریب کارروائی کے دوران موٹر سائیکل سوار سے 7 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، ملزم نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
بین الاقوامی کارروائی کے دوران چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں کوریئر آفس سے نیدرلینڈز سے آئے پارسل میں سے 6 گرام کوکین پکڑی گئی۔
دیگر کارروائیوں میں یارو (پشین) میں ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 14 کلوگرام چرس، ایسٹرن بائی پاس کوئٹہ سے 14 کلوگرام چرس، اور نیشنل ہائی وے حیدرآباد پر گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد میں بیلا روڈ سیکٹر جی-10 کے قریب گاڑی میں سوار مرد و خاتون سے 1.8 کلوگرام آئس اور 800 گرام افیون برآمد کی گئی، جب کہ منڈی موڑ کے قریب ایک اور کارروائی میں 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
سوئی کاریز، ضلع چمن میں 100 کلوگرام آئس جبکہ تربت کے علاقے خلیل آباد سیٹلائٹ ٹاؤن سے 499 کلوگرام چرس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔
تمام کارروائیوں کے مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
Comments are closed.