سبی ڈویژنل اسپورٹس فیسٹیول رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ شروع

14

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

سبی (خصوصی نامہ نگار) – محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سبی کے تعاون سے چار روزہ سبی ڈویژنل اسپورٹس فیسٹیول رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہو گیا۔ فیسٹیول میں فٹبال، شوٹنگ بال، کرکٹ، بیڈمنٹن اور کبڈی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں۔

اس فیسٹیول میں سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور ہرنائی کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی، ونگ کمانڈر کرنل شہریار، کرنل زبیر احمد اور کرنل عبدالمنان کے گراؤنڈ آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، بینڈ نے سلامی پیش کی اور کھلاڑیوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ بعد ازاں مہمانان گرامی کا کھلاڑیوں سے روایتی تعارف کرایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر سبی نے فٹبال کو کک مار کر فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ پروگرام کے فوکل پرسن عبدالصمد بنگلزئی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، مشیر کھیل مینا مجید بلوچ، سیکریٹری اسپورٹس دُرا بلوچ، ڈی جی اسپورٹس یاسر خان بازئی اور ضلعی انتظامیہ سبی کے تعاون سے اس بڑے فیسٹیول کا انعقاد ممکن ہوا۔

ڈپٹی کمشنر سبی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی نشوونما، صحت اور ذہنی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور یہ فیسٹیول نوجوانوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ ایسے پروگرام معاشرتی ہم آہنگی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے فروغ کے لیے نہایت ضروری ہیں اور آئندہ بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر سبی نے ونگ کمانڈرز کے ہمراہ جرگہ ہال سبی میں شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا، جس میں آرگنائزر میر شہباز خان باروزئی نے مہمانانِ گرامی کو بلوچی و پشتو روایتی پگڑیاں اور ٹوپی اجرک پیش کی۔ اسپورٹس فیسٹیول کے تمام کھیل 30 نومبر تک جاری رہیں گے۔

Web Desk

Comments are closed.