اے این ایف کی بڑی کارروائی؛ 154.15 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد

6

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 28 نومبر — اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ایک بڑی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 154.15 ملین امریکی ڈالر مالیت کی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لیں، جو حالیہ عرصے کی سب سے بڑی زمینی برآمدات میں شمار کی جا رہی ہے۔

اے این ایف کے مطابق پنجگور میں سرگرم ڈرگ ٹریفکنگ تنظیم (DTO)، جس کی سربراہی بدنام زمانہ اسمگلر علی جان کر رہا تھا، کی طویل عرصے سے نگرانی جاری تھی۔ یہ نیٹ ورک افغانستان سے آنے والی منشیات کو پنجگور سے تربت، گوادر اور پسنی کے راستے یمن، تنزانیہ اور جی سی سی ممالک تک سپیڈ بوٹس اور ماہی گیری کشتیوں کے ذریعے اسمگل کرتا تھا۔

مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے اے این ایف نے ایم-8 گوادر سی پیک روڈ پر الرحمن ہوٹل کے قریب ایک مشکوک ایل پی جی کنٹینر ٹرک کو روک کر مکمل تلاشی لی۔ کنٹینر سے 553.5 کلوگرام آئس (میتھ ایمفیٹامین) اور 40 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی، جبکہ نیٹ ورک کے دو کارندوں کو موقع پر گرفتار بھی کیا گیا۔

اے این ایف نے مزید شریک کاروں، سہولت کاروں، منشیات کے فراہم کنندہ اور بین الاقوامی خریداروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں، اور مقدمہ درج کر کے چھاپے شروع کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اے این ایف منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر قائم ہے اور منظم ڈرگ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے گی۔

Web Desk

Comments are closed.