راولپنڈی ۔14اکتوبر :مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں بین الاقوامی سربراہی اجلاس کے دوران حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے مستقل جنگ بندی معاہدے اور غزہ میں امن کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں استحکام، ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گی، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان سفارتی سطح پر امن کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے اور مظلوم اقوام کی حمایت میں ہمیشہ اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔ گزشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نے دہائیوں سے ناقابل بیان مصائب برداشت کیے ہیں، اس لیے یہ معاہدہ انسانی تاریخ کا ایک اہم اور خوش آئند موڑ ثابت ہو گا۔ دانیال چوہدری نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے اس معاہدے کا اعلان ایک تاریخی موقع ہے جس سے مظلوم فلسطینیوں کو سکون اور امید کا نیا پیغام ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر امن، انسانی حقوق کے احترام اور تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے، خطے میں استحکام، باہمی تعاون اور ہم آہنگی ہی عوام کی خوشحالی اور ترقی کی ضمانت ہیں
Comments are closed.