لورالائی رینج میں پولیس اہلکاروں کی ترقی کے لیے پروموشن امتحانات کا باضابطہ آغاز ہو گیا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
لورالائی، 26 اکتوبر:
لورالائی رینج میں پولیس اہلکاروں کی ترقی کے لیے پروموشن امتحانات کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے امتحانی عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ میرٹ اور شفافیت ہی محکمہ پولیس کی اصل بنیاد ہیں۔
انہوں نے تمام ایس پیز کو ہدایت کی کہ امتحانی عمل کو مکمل ایمان داری، انصاف اور غیر جانبداری کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ ہر اہلکار کو کارکردگی کی بنیاد پر ترقی مل سکے۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ تمام اضلاع میں کانسٹیبل سے حوالدار، حوالدار سے اے ایس آئی، اور اے ایس آئی سے ایس آئی تک تمام پروموشنز میرٹ اور رولز کے مطابق ہوں گی، جس کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو ایک ہفتے میں ترقیاتی معاملات کو حتمی شکل دیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دیانت دار اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اسی تناظر میں ضلع موسیٰ خیل کے چار اہلکاروں کو کرپشن کے الزامات پر معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا گیا۔
آخر میں ڈی آئی جی جنید احمد شیخ نے کہا کہ اہلکار اپنی لگن، فرض شناسی اور کردار کی بلندی سے پولیس فورس کے وقار کو مزید بلند کریں۔
Comments are closed.