اسلام آباد: قائداعظم ڈے اور کرسمس پر فول پروف سیکیورٹی، ٹریفک ایڈوائزری جاری

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد پولیس نے قائداعظم ڈے اور کرسمس کے موقع پر شہر بھر میں فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پولیس کے 3,500 افسران و جوان ضلع بھر میں تعینات ہیں جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 200 سے زائد افسران مختلف شاہراہوں، پارکوں اور تفریحی مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر پکٹس قائم کی گئی ہیں۔
مسیحی عبادتگاہوں پر بامسلح نفری تعینات ہے جبکہ حساس گرجا گھروں پر اضافی فورس موجود ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق سیکیورٹی ڈیوٹیز کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ اسلام آباد سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور تمام پٹرولنگ یونٹس موثر گشت کر رہی ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا فیلڈ میں متحرک رہے، گرجا گھروں کا دورہ کیا اور چرچ انتظامیہ سے ملاقاتیں کیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس بلا تفریق تمام مذاہب کے تحفظ، امن، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی ضامن ہے۔
ٹریفک ایڈوائزری:
25 دسمبر کو دن 2 سے 4 بجے تک ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ڈائیورشنز متوقع ہیں۔ روات سے ایکسپریس ہائی وے جانے والے شہری روات سے راولپنڈی پشاور روڈ استعمال کریں، جبکہ آئی جے پی روڈ اور سری نگر ہائی وے سے آنے والے شہری اندرونِ شہر سروس روڈز اختیار کریں۔ شہری 20 سے 25 منٹ اضافی وقت کے ساتھ روانہ ہوں۔
فیض آباد لوپس ایکسٹینشن کے باعث راولپنڈی مری روڈ اور آئی جے پی روڈ سے ایکسپریس وے جانے والے شہری فیض آباد پل سے مری روڈ، مارگلہ ٹاؤن انڈر پاس کے ذریعے واپس ایکسپریس وے پہنچ سکتے ہیں۔
نوجوانوں سے ہلڑ بازی اور ون ویلنگ سے گریز کی اپیل کی گئی ہے۔ کسی بھی رہنمائی یا اپ ڈیٹ کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے

Web Desk

Comments are closed.