لاہور () وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے نئے سال کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سرپرستی میں صوبہ پنجاب صحت کے میدان میں تاریخی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے سال کی خوشی اس لحاظ سے دوگنی ہے کہ پنجاب میں اینڈو ویسکیولر اینیورزم کے جدید ترین علاج کا نیا دور شروع ہو چکا ہے، جس سے عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات اب اپنے صوبے میں ہی دستیاب ہوں گی۔عظمٰی بخاری نے بتایا کہ امریکی تربیت یافتہ ڈاکٹر حبیب خان، جو USA بورڈ سرٹیفائیڈ واحد پاکستانی ویسکیولر سرجن ہیں، نے وطن واپس آ کر جدید ویسکیولر کیئر کی بنیاد رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پھٹے ہوئے پیٹ کی مرکزی شریان (Abdominal Aortic Aneurysm) کا EVAR آپریشن لاہور میں کامیابی سے انجام دیا گیا ہے، جو واقعی ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے اس کامیابی کی طبی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ بیماری جان لیوا ہو سکتی تھی، تاہم اسٹنٹ کے ذریعے شریان کو اندرونی طور پر مضبوط بنا کر خون کے بہاؤ کو محفوظ بنا دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ منیملی اِنویسیو جدید طریقہ علاج ہے، جس میں نہ مریض کو بے ہوش کیا جاتا ہے، نہ وینٹیلیٹر پر ڈالا جاتا ہے اور نہ ہی شدید تکلیف ہوتی ہے، جس سے ریکوری تیز اور خطرات کم ہوتے ہیں۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ 300 ملین آبادی والے ملک میں ویسکیولر کیئر کا وہ معیار اب آیا ہے جو برسوں پہلے ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں کینسر کے جدید علاج کی سہولت کیموتھراپی کی صورت میں بھی دستیاب ہے، اور صحت کا شعبہ ہر سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔عظمٰی بخاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کے عوام کو بغیر کسی تفریق عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اب صحت کے شعبے میں ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، اور یہ سفر عوامی خدمت، جدید سہولیات اور قابلِ فخر پیش رفت کا تسلسل رہے گا۔
Comments are closed.