مفتی تقی عثمانی نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم، امتِ مسلمہ کے اتحاد کی جانب تاریخی پیش رفت قرار دیا

10

کراچی (عسکر انٹرنیشنل رپورٹ): ممتاز اسلامی اسکالر مفتی محمد تقی عثمانی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امتِ مسلمہ کے اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کی جانب ایک تاریخی اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ اسلامی دنیا میں باہمی اعتماد، دفاعی تعاون اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کا مکہ مکرمہ، بیت اللہ شریف کے قرب میں طے پانا اسے غیرمعمولی روحانی اور تاریخی اہمیت عطا کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو اس اہم کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس معاہدے کو امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن، استحکام، باہمی اعتماد اور مشترکہ سلامتی کے استحکام کا ذریعہ بنائے۔

مفتی تقی عثمانی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی ممالک کے درمیان تعاون کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا اور مسلم دنیا کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر بنیاد فراہم کرے گا۔

Web Desk

Comments are closed.