عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور: خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے صوبے کے چھ اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 1100 کلوگرام غیر معیاری چکن قیمہ، 900 کلوگرام جام اور تقریباً 400 کلوگرام مضر صحت جانوروں کے اندرونی اعضا ضبط کرکے تلف کر دیے، جبکہ متعدد فوڈ بزنسز پر جرمانے عائد اور خلاف ورزیوں پر مختلف یونٹس سیل کر دیے گئے۔






فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پشاور، سوات، ڈی آئی خان، مانسہرہ، مردان اور ہری پور میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیاں کیں۔
پشاور میں خفیہ اطلاع پر رنگ روڈ پر واقع ایک گودام پر چھاپہ مار کر 1100 کلوگرام غیر معیاری چکن قیمہ برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ گودام میں غیر معیاری چکن کے مختلف حصوں اور ہڈیوں سے قیمہ تیار کرکے دوبارہ پیکنگ کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ ذمہ داران پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
سوات کی تحصیل بابوزئی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیوسٹاک کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 400 کلوگرام مضر صحت جانوروں کی کلیجی، مغز اور دیگر اندرونی اعضا برآمد کرکے تلف کر دیے۔ کارروائی کے دوران مبینہ طور پر ملوث افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔
مانسہرہ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں مختلف فوڈ بزنسز کا معائنہ کیا۔ اس دوران جام تیار کرنے والے ایک یونٹ سے 900 کلوگرام غیر معیاری جام برآمد کرکے تلف کر دیا گیا، جبکہ یونٹ انتظامیہ پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈی آئی خان میں عوامی شکایت پر ایک بیکری کا معائنہ کیا گیا، جہاں سے 150 گرام غیر محفوظ اشیائے خورونوش تلف کر دی گئیں۔ پیداواری اور ذخیرہ کرنے والے حصوں میں صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر صحت بخش ماحول کے باعث بیکری یونٹ سیل کرکے انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ہری پور کے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں پاپڑ تیار کرنے والے ایک یونٹ پر چھاپے کے دوران 200 کلوگرام غلط لیبلنگ والے پاپڑ اور 45 کلوگرام ایسے پاپڑ ضبط کیے گئے جن پر مقررہ تاریخ سے پہلے کی تاریخِ تیاری درج تھی۔ فوڈ سیفٹی قوانین اور لیبلنگ ضوابط کی خلاف ورزی پر یونٹ انتظامیہ پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
مردان میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف بیکری پروڈکشن یونٹس کا معائنہ کیا۔ صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر صحت بخش ماحول کے باعث ایک یونٹ سیل کر دیا گیا، جبکہ 50 لیٹر بدبودار اور مضر صحت استعمال شدہ کوکنگ آئل موقع پر تلف کرکے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔


Comments are closed.