عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: پاکستان کی اشیا کی برآمدات مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران تاریخ کی بلند ترین سطح 11.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.8 فیصد زیادہ ہیں۔
ادارہ شماریات پاکستان کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ملکی برآمدات 10.4 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں، جو رواں مالی سال کے اسی عرصے میں بڑھ کر 11.4 ارب ڈالر ہو گئیں۔
حکومتی اقدامات اور برآمدی شعبے کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی پالیسیوں کو اس پیش رفت کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی بجٹ کے تحت کاروباری اور صنعتی شعبوں، بالخصوص برآمد کنندگان کے لیے ٹیکسوں اور سرچارجز میں کمی، ٹیکس ریفنڈز کی تیز رفتار ادائیگی، برآمدات کے فروغ کے فنڈز کے بہتر استعمال اور رعایتی برآمدی مالی معاونت جیسے اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، خصوصاً مائیکرو اور چھوٹے برآمد کنندگان کے لیے خصوصی مالی معاونت کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
حکومت کے مطابق مالیاتی ٹیم اور متعلقہ سرکاری اداروں کی مربوط کاوشوں سے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور ملکی برآمدی استعداد میں اضافے میں مدد مل رہی ہے۔
حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کاروبار، صنعت اور سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے، مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے اور ساختی اصلاحات کے تسلسل کے ذریعے برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی کو آگے بڑھایا جائے گا۔


Comments are closed.