سینٹرل جیل کوئٹہ میں بنیادی سہولیات کی کمی، صوبائی محتسب کی ٹیم کا اچانک معائنہ

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 23 نومبر: صوبائی محتسب بلوچستان سعادت اللہ خان بازئی کی ہدایات پر صوبائی محتسب سیکرٹریٹ کی ٹیم نے سینٹرل جیل کوئٹہ کا اچانک معائنہ کرکے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وفد نے جیل کے مختلف وارڈز، خواتین اور کم عمر قیدیوں کے حصوں، ہسپتال، ڈینٹل کلینک، منی لیبارٹری، کچن اور لائبریری سمیت دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ وفد نے قیدیوں اور جیل عملے سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور شکایات بھی سنیں۔

معائنے کے دوران وضو کے لیے گرم پانی کی عدم دستیابی، صفائی ستھرائی، گنجائش سے زائد قیدیوں، بجلی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی۔

وفد نے خواتین قیدیوں کے لیے قائم دستکاری اور پیشہ ورانہ تربیتی مرکز، کم عمر قیدیوں کی کمپیوٹر اور فائن آرٹس کلاسز، لائبریری اور فٹسال گراؤنڈ جیسے اقدامات کو سراہا۔

ٹیم نے سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کو ہدایت کی کہ قیدیوں کے لیے گرم پانی، صفائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بجلی اور دیگر انتظامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے اور منشیات کی روک تھام سمیت قیدیوں کی فلاح و بحالی کے اقدامات مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

دورے کی تفصیلی رپورٹ اور سفارشات صوبائی محتسب کو پیش کر دی گئی ہیں تاکہ قیدیوں کے مسائل کے حل اور جیل کے حالات میں بہتری کے لیے قانون کے مطابق اقدامات کیے جا سکیں

Web Desk

Comments are closed.