جامعہ گوادر میں عالمی یومِ ماہی گیری پر پائیدار ماہی گیری اور روزگار کے مواقع پر سیمینار

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گوادر، 23 نومبر: جامعہ گوادر کے شعبہ زولوجی کے زیر اہتمام عالمی یومِ ماہی گیری 2026ء کے موقع پر ماہی گیری اور آبی زراعت کے شعبوں میں نوجوانوں اور خواتین کے لیے باعزت روزگار کے مواقع کے فروغ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا۔

جامعہ کے مرکزی سیمینار ہال میں منعقدہ تقریب میں شعبہ زولوجی کی چیئرپرسن عتیقہ بلوچ نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے سمندری وسائل کے تحفظ اور پائیدار استعمال کے لیے تعلیمی شعور اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

مہمان مقرر عبدالرحیم، پی ایچ ڈی اسکالر، میرین بائیولوجسٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں ماہی گیری کی صورتحال، بلوچستان کے ساحلی وسائل کی استعداد اور اس شعبے کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آبی زراعت کے فروغ اور ماہی گیری کے مؤثر انتظام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز بلوچستان شاہ فہد نے صوبے میں ماہی گیری کی ترقی، ہیچریوں کے قیام، مچھلی کے بیج کی پیداوار اور محکمانہ اصلاحات سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

سیمینار میں طلبہ نے پائیدار ماہی گیری، آبی زراعت، سمندری وسائل کے تحفظ اور نوجوانوں و خواتین کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پر پریزنٹیشنز پیش کیں۔

اختتامی کلمات میں ڈین فیکلٹی آف سائنسز اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر محب اللہ نے تحقیق، معیاری تعلیم اور ادارہ جاتی تعاون کو ماہی گیری کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔

Web Desk

Comments are closed.