وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے کی 300 سے 400 خالی آسامیاں پُر کی جائیں، پلین بلوچ 

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد: نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی پلین بلوچ نے وفاقی محکموں میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے مختص کوٹے پر خالی آسامیوں کو پُر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو وفاقی ملازمتوں میں ان کا جائز حق ملنا چاہیے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے کے تحت تقریباً 300 سے 400 آسامیاں خالی ہیں، جنہیں پُر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان آسامیوں پر بلوچستان کے نوجوانوں کو بھرتی کرنے سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور صوبے کے معاشی حالات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

پلین بلوچ نے کہا کہ وفاقی اداروں میں بلوچستان کے نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے سے احساس محرومی میں کمی آئے گی اور بلوچستان کے عوام اور وفاق کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے اعلان کو صوبے کے مسائل پر توجہ دینے کی کوشش قرار دیا۔

Web Desk

Comments are closed.