پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن پر مسلح افواج کی مبارکباد

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

راولپنڈی، 25 نومبر 2026: پاکستان کی مسلح افواج کی قیادت نے ملک کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخی کامیابی پر قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز؛ ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف؛ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئر اسٹاف؛ اور جنرل سید عامر رضا، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے مسلح افواج کی جانب سے اپنے تہنیتی پیغام میں اس کامیابی کو پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

مسلح افواج کے سربراہان نے کہا کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا سفر پاکستان کے پہلے خلاباز اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز کے طور پر پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

فوجی قیادت نے سپارکو کے سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی ٹیموں کی غیر معمولی لگن، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے یہ تاریخی قومی کامیابی ممکن ہوئی۔

مسلح افواج نے اس اہم سنگِ میل کے حصول میں تعاون پر عوامی جمہوریہ چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا بھی گہرا شکریہ ادا کیا۔ پیغام میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی، جو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، آج زمین کی حدود سے آگے خلا تک نئی بلندیوں سے ہمکنار ہوئی ہے۔

مسلح افواج کے مطابق انسانی خلائی سفر کے میدان میں پاکستان کی شمولیت ملک کے انسانی وسائل، سائنسی صلاحیتوں اور تکنیکی استعداد کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔ یہ تاریخی کامیابی پاکستان کی آنے والی نسلوں کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کے حصول کی ترغیب دے گی اور قومی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مسلح افواج نے پوری قوم کے ساتھ اس تاریخی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے لیے کامیاب مشن اور زمین پر بحفاظت واپسی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Web Desk

Comments are closed.