عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 26 نومبر: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے قیمتی پتھروں کے شعبے میں اصلاحات تیز کرنے، بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریوں کے قیام، جدید کان کنی کے طریقوں کے فروغ اور مکمل ویلیو چین کی تشکیل کی ہدایت کی ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔
اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر سے مالا مال ہے، تاہم فرسودہ طریقہ کار اور محدود پروسیسنگ سہولتوں کے باعث قومی معیشت کو نمایاں نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، قدر میں اضافے اور برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں اور حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے جامع اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے قیمتی پتھروں کی شناخت اور تصدیق کے لیے بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریاں قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ پاکستانی پتھروں کے معیار، اعتبار اور عالمی منڈی میں مسابقت کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے پاکستانی ماہر تربیت کاروں کو قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ کی خصوصی تربیت کے لیے سری لنکا اور تھائی لینڈ بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے دفتر خارجہ کو ہدایت کی کہ متعلقہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانے تربیتی پروگرام میں مکمل معاونت فراہم کریں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کے ذخائر کا تخمینہ 30 کروڑ قیراط ہے، جبکہ 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے قیمتی پتھر نکالنے کے کام سے وابستہ ہیں۔ اس شعبے سے ملک بھر میں 5 ہزار 500 سے زائد کاروبار منسلک ہیں۔
تاہم صنعت کو خام قیمتی پتھروں کی برآمد، کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زیادہ ضیاع، جدید تکنیکی مہارت کی کمی اور قدر میں اضافے کی محدود سہولتوں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
ان مسائل کے حل کے لیے حکومت نے جامع اصلاحاتی حکمت عملی تیار کی ہے، جس کا مقصد شعبے کو خام مال نکالنے سے تیار شدہ قیمتی مصنوعات کی تیاری تک ترقی دینا ہے۔
چار ارب 10 کروڑ روپے کا منصوبہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں سہولت مراکز قائم کرنے کے لیے جاری ہے۔ دیگر اقدامات میں 80 بینکاری سہولت ڈیسک کا قیام، ارضیاتی نقشہ سازی، تربیتی مراکز کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون میں اضافہ شامل ہیں۔
حکومت نے قومی قیمتی پتھر پالیسی 2026 تا 2030 پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا ہے۔
مجوزہ اصلاحات میں آزاد ضابطہ جاتی نظام، قومی تصدیقی اور ضمانتی نظام، خام قیمتی پتھروں کی برآمد پر پابندی، درآمدی مشینری پر ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ، تکنیکی تربیت کی بہتری اور مقامی منڈیوں کی ترقی شامل ہے۔
حکمت عملی کے تحت نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا تاکہ کان کنی، پروسیسنگ، تصدیق، مصنوعات کی تیاری اور برآمدات پر مشتمل مربوط ویلیو چین قائم ہو سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پروسیسنگ میں نجی شعبے کی شرکت کے لیے سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے گی۔ انہوں نے خام پتھروں کی برآمد کے بجائے اعلیٰ قدر کی تیار شدہ مصنوعات کی تیاری پر زور دیا۔
انہوں نے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور ان کی ٹیم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ حکام کی اصلاحات اور مراکزِ امتیاز کے قیام میں پیش رفت کو سراہا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک، مشیر ہارون اختر، معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Comments are closed.