زیارت میں فتنہ الخوارج کے خلاف کلیئرنس آپریشن مکمل، 9 پولیس اہلکار شہید، ایک اہلکار بازیاب

11

کوئٹہ، 7 جولائی: معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند نے کہا ہے کہ ضلع زیارت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فرنٹیئر کور، بلوچستان پولیس، محکمہ انسداد دہشت گردی، اسپیشل آپریشنز ونگ اور انسداد دہشت گردی فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ علاقے کو کلیئر قرار دے دیا۔
شاہد رند کے مطابق دہشت گرد حملے میں بلوچستان پولیس کے 9 افسران و اہلکار شہید ہوئے، جن میں تھانہ منگی کے ایس ایچ او، تھانہ کاوس کے ایس ایچ او، اے ٹی ایف کے انچارج ہیڈ کانسٹیبل سیف اللہ اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی غلام سرور سمیت آٹھ پولیس اہلکار دشوار گزار پہاڑی راستوں سے بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے، جبکہ کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
معاون وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ شہداء کی میتیں قانونی کارروائی اور بعد از مرگ معائنے کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال زیارت منتقل کی جا رہی ہیں۔
شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Web Desk

Comments are closed.