زیر التوا عوامی شکایات فوری نمٹائی جائیں، گورنر بلوچستان کی محتسب کو ہدایت

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبائی محتسب سعادت اللہ خان بزئی کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی تمام زیر التوا شکایات اور مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر جلد نمٹایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت انصاف تک رسائی شہریوں کا بنیادی حق اور حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

گورنر نے یہ ہدایت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی محتسب سے ملاقات کے دوران دی۔ اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری عبدالنصیر درانی بھی موجود تھے۔

گورنر نے صوبائی محتسب کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری محکموں اور اداروں کے باقاعدہ دورے شروع کریں تاکہ ان کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور اور عوامی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مؤثر محتسب ادارہ عوامی شکایات کے ازالے کے ساتھ احتساب، شفافیت اور اچھی طرز حکمرانی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ انصاف کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر شہریوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم کرتی ہے اور نظام انصاف کے بنیادی مقصد کو متاثر کرتی ہے۔

گورنر نے صوبائی محتسب کے تمام علاقائی دفاتر میں دفتری اوقات کی سختی سے پابندی یقینی بنانے اور ان دفاتر کو عوام کے لیے مزید فعال اور قابل رسائی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے تمام علاقائی دفاتر سے تفصیلی ماہانہ کارکردگی رپورٹس طلب کرنے اور عوامی شکایات کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو مکمل تعاون فراہم کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری امور میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

Web Desk

Comments are closed.