اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سات کارروائیاں کرتے ہوئے 44.296 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں جبکہ دو خواتین سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
بین الاقوامی سطح پر منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مرد اور خاتون کے ٹرالی بیگز سے 1.370 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ منشیات بیگز میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔





کراچی میں پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کے قریب واقع کوریئر آفس میں متحدہ عرب امارات بھیجے جانے والے پارسل سے 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔ چرس گتے کے کارٹن میں چھپائی گئی تھی۔
ملک کے اندر منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران پشاور میں چارسدہ روڈ پر ناصاپہ اسٹاپ کے قریب ایک خاتون کے شولڈر بیگ سے 21.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پشاور ہی میں ورسک روڈ پر ایک ہسپتال کے قریب گاڑی سے 18 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ منشیات گاڑی کے سی این جی سلنڈر میں چھپائی گئی تھی۔
اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے ایک ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔
ہری پور میں شاہراہ قراقرم پر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں کرکٹ اکیڈمی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 26 گرام کوکین برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


Comments are closed.