بلوچستان میں خواتین کا قومی کردار امن اور استحکام کے لیے اہم ہے، حمزہ شفقات

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی، جعلی خبروں اور سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن بیانیوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی قومی ذمہ داری اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

کوئٹہ میں منعقدہ پانچ روزہ نیشنل ویمن لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ عام شہری بھی ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی سرپرستی اور سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کن بیانیے پھیلانے کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والے بعض سرورز نئی دہلی، کابل اور تل ابیب سے آپریٹ کیے جا رہے ہیں۔

محمد حمزہ شفقات نے کہا کہ بلوچستان میں جعلی خبریں بھی ایک بڑا چیلنج ہیں، جن کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کے ساتھ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو صوبے میں امن و امان کے قیام اور معاشرتی استحکام کے لیے اپنا قومی کردار ادا کرنا چاہیے۔ صوبے میں پہلی مرتبہ خواتین کی قیادت سے متعلق کانفرنس کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک اہم مثال ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں عدلیہ اور وکلا برادری کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں دو چیف جسٹس صاحبان اور 60 سے زائد وکلا جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مانگی ڈیم کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کو بھی انتہائی سفاکانہ طریقے سے نشانہ بنایا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں اور قومی یکجہتی کے ذریعے بلوچستان میں امن و استحکام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

Web Desk

Comments are closed.