تعلیمی اداروں میں خواتین کا تحفظ اور قوانین پر عملدرآمد اولین ترجیح ہے، راحیلہ حمید خان درانی

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم اور سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طالبات اور خواتین اساتذہ کا تحفظ، ہراسانی کی روک تھام اور خواتین سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے یہ بات خواتین کے حقوق اور صنفی مساوات کے لیے سرگرم تنظیم شرکت گاہ ویمنز ریسورس سینٹر کی گولڈن جوبلی اور ساتھ (SAATH) منصوبے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

راحیلہ حمید خان درانی نے تنظیم کی 50 سالہ جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، مؤثر قانون سازی، موجودہ قوانین میں ضروری ترامیم، انسداد ہراسانی اور خواتین کارکنوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کے سلسلے میں شرکت گاہ اور دیگر سول سوسائٹی تنظیموں کا تعاون قابل قدر ہوگا۔

انہوں نے خواتین کے خلاف تشدد، جبری شادیوں، صنفی امتیاز اور ہراسانی جیسے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی سیاسی نمائندگی اور اعلیٰ عہدوں تک رسائی کے باوجود معاشرتی اور ادارہ جاتی رویوں میں حقیقی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بالخصوص تعلیمی اداروں میں طالبات اور خواتین اساتذہ کے تحفظ، جنسی ہراسانی کی روک تھام، شکایات کے مؤثر ازالے اور خواتین کے قانونی حقوق سے متعلق آگاہی پروگراموں کو وسعت دینے پر زور دیا۔

صوبائی وزیر نے خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین کو اردو اور علاقائی زبانوں میں عام کرنے اور ان کے تحفظ کے لیے بین الصوبائی رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے کی تجویز بھی پیش کی۔

تقریب میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خواتین پارلیمنٹیرینز شہناز عمرانی اور کلثوم نیاز بلوچ، صوبائی خاتون محتسب ایڈووکیٹ طاہرہ بلوچ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ 1975 میں قائم ہونے والی شرکت گاہ نے گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران خواتین کی معاشی خودمختاری، سیاسی شرکت، تعلیم، صحت، تحقیق اور پالیسی سازی کے شعبوں میں کام کیا ہے۔

اسی روز منعقدہ ساتھ (SAATH) منصوبے کی اختتامی تقریب میں کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی کی روک تھام، تحقیق، تربیت، قانونی اصلاحات اور شکایات کے مؤثر نظام کے ذریعے خواتین محنت کشوں کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

Web Desk

Comments are closed.