بولان مائننگ انٹرپرائزز نے خضدار اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کو سولر سسٹم اور فرنیچر فراہم کر دیا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
خضدار، 18 نومبر: بولان مائننگ انٹرپرائزز نے نیشنل اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس خضدار کو 20 کلوواٹ کا سولر فوٹو وولٹک سسٹم اور اسکول فرنیچر فراہم کر دیا ہے، جس سے ادارے میں تعلیمی سہولیات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
منصوبے کا افتتاح ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی اور بولان مائننگ انٹرپرائزز کے مینیجر ندیم نے کیا۔ اس موقع پر کمپلیکس کے پرنسپل محمد مبارک اور رفیق دانش بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خصوصی ضروریات کے حامل بچے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت کے لیے سہولیات کی فراہمی حکومت اور نجی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی تنصیب سے بجلی کی بندش کے باعث تعلیمی سرگرمیوں میں آنے والی رکاوٹیں کم ہوں گی اور کلاسز بلا تعطل جاری رہ سکیں گی۔
بولان مائننگ انٹرپرائزز کے مینیجر ندیم نے کہا کہ کمپنی معدنیات کے شعبے کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داری کے تحت تعلیم، صحت اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں بھی تعاون کر رہی ہے۔
اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے پرنسپل محمد مبارک نے سولر سسٹم اور فرنیچر کی فراہمی پر ڈپٹی کمشنر اور کمپنی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے فرنیچر سے کلاس رومز میں بہتر سہولت میسر آئے گی، جبکہ سولر سسٹم سے تدریسی عمل کو جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔


Comments are closed.