نصیرآباد میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے اور تعلیمی معیار بہتر کرنے کی ہدایت

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

نصیرآباد، 18 نومبر: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی بروقت حاضری اور تدریسی سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کی غیر حاضری طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو براہِ راست متاثر کرتی ہے۔

وہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل، اساتذہ کی حاضری، تعلیمی معیار اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا بنیادی دارومدار معیاری تعلیم پر ہے، جبکہ جدید علوم، سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیم نئی نسل کو مستقبل کے تقاضوں کے لیے تیار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معماروں کی تربیت کرتے ہیں، اس لیے انہیں اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، احساسِ ذمہ داری اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ ادا کرنی چاہئیں۔

انہوں نے متعلقہ تعلیمی افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں کی باقاعدہ نگرانی کریں اور تدریسی عمل میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہ کریں۔

وریندر لعل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی مسائل کے حل اور سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی تاکہ ضلع کے ہر بچے کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔

Web Desk

Comments are closed.