وزیراعظم کی قطر کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کو سراہا، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 19 نومبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کی قیادت کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی وسیع گنجائش پر زور دیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی تعاون اور منشیات کے خلاف مشترکہ اقدامات سے متعلق مفاہمت کی یادداشت اور ایکشن پلان پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم سے قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سکیورٹی فورس (لخویا) کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

وزیراعظم نے قطری وزیر داخلہ کا پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ پاکستان اور قطر کی وزارت داخلہ سمیت متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو نئی وسعت دے گا۔

وزیراعظم نے امیر قطر کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا اور قطری قیادت کا پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی مسلسل فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً تین لاکھ پاکستانی قطر میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہاں کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات کی نشاندہی کی۔

قطر کے وزیر داخلہ نے پاکستان کا دورہ کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امیر قطر کی جانب سے وزیراعظم کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔

بعد ازاں وزیراعظم کی موجودگی میں قطر کی داخلی سکیورٹی فورس (لخویا) اور پاکستان کی وفاقی کانسٹیبلری کے درمیان سکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت اور منشیات کے خلاف مشترکہ اقدامات کے ایکشن پلان پر دستخط کیے گئے۔

قطر کی جانب سے شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی جبکہ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستاویزات پر دستخط کیے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے دورے پر آئے ہوئے قطری وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

Web Desk

Comments are closed.