پاکستان اور ترکیہ کے درمیان غلط معلومات کے تدارک کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 19 نومبر: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک کمیونیکیشن میں ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے اور غلط معلومات کے مؤثر تدارک کے لیے ماہرین تعلیم، تھنک ٹینکس اور معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔

انہوں نے یہ تجویز انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے زیر اہتمام ’’علاقائی سلامتی کے ڈھانچے کی تشکیل نو: پاکستان اور ترکیہ کے تناظر میں اسٹریٹجک شراکت داری اور کثیرالجہتی تعاون‘‘ کے عنوان سے منعقدہ عوامی فورم سے خطاب کرتے ہوئے پیش کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو ابھرتے ہوئے چیلنجز سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی، حقائق سے ہم آہنگ اور مربوط نظام کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ مشترکہ ورکنگ گروپ دونوں ممالک کے متعلقہ ماہرین اور اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے اسٹریٹجک کمیونیکیشن کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرنے اور جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے میں مدد دے گا۔

عطا اللہ تارڑ نے پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات اور ترکیہ کے ایوان صدر کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے درمیان اسٹریٹجک کمیونیکیشن سے متعلق نئے معاہدے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ غلط معلومات کے تدارک اور دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کی بنیادوں کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کو حکومت کے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو ایک متحدہ حکمت عملی کے تحت یکجا کرکے مربوط حکومتی طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے۔

پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری کی جڑیں گہری تاریخی وابستگی میں پیوست ہیں اور وقت کے ساتھ یہ تعلقات دوطرفہ دوستی سے آگے بڑھ کر علاقائی اور کثیرالجہتی تعاون تک پھیل چکے ہیں۔

انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں اور ترکیہ کے درمیان قیام پاکستان سے قبل موجود یکجہتی کا حوالہ دیتے ہوئے علی برادران، مولانا محمد علی جوہر اور شوکت علی کی خدمات کا ذکر کیا، جنہوں نے ترک عوام کی حمایت کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وقت کے ساتھ یہ تاریخی تعلقات ادارہ جاتی تعاون میں تبدیل ہوئے، جس کی ایک اہم مثال 1964 میں پاکستان، ترکیہ اور ایران کے درمیان علاقائی تعاون برائے ترقی (آر سی ڈی) کا قیام تھا، جو بعد ازاں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی صورت اختیار کر گیا۔

انہوں نے کہا کہ ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا حالیہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہونا علاقائی ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت کا مظہر ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے سہ فریقی دفاعی معاہدے سے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون دفاع، ثقافت، عوامی روابط اور مثبت تشخص کے فروغ سمیت مختلف شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔

غلط معلومات کے بڑھتے ہوئے چیلنجز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے عالمی اقتصادی فورم کی جانب سے غلط معلومات کو دنیا کے بڑے خطرات میں شمار کیے جانے کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مؤثر ادارہ جاتی اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ اسٹریٹجک کمیونیکیشن میں تعاون ٹیکنالوجی، مصدقہ معلومات اور اداروں کی مربوط کوششوں پر مبنی ہونا چاہیے۔

عطا اللہ تارڑ نے دونوں ممالک کے انسانی ہمدردی پر مبنی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی معاونت، خصوصاً مظفرگڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال کا قیام، دونوں ممالک کی دوستی کی نمایاں مثال ہے۔

انہوں نے تباہ کن زلزلے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے ترکیہ کے دورے کو بھی ترک عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور اب اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر ادارہ جاتی انتظامات کی ضرورت ہے۔

فورم میں ترکیہ کے رکن پارلیمنٹ برہان کایاترک، سابق ترک وزیر پروفیسر فکری اشک، ترکیہ کے ایوان صدر کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے ڈپٹی ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر فرحت پیرنچی، سینیٹر مشاہد حسین سید اور سینئر سفارت کاروں سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی

Web Desk

Comments are closed.