زیتون کا تیل صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ میں معاون، ماہرین

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد: زرعی اور بین الاقوامی ماہرین نے کہا ہے کہ زیتون کا تیل صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ اور متوازن غذا کا اہم حصہ بن سکتا ہے۔

اس حوالے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اولیو کلچر اسکیل اَپ پروجیکٹ کے زیرِ اہتمام میڈیا ڈائیلاگ منعقد ہوا، جس میں زرعی ماہرین، بین الاقوامی ماہرین اور صحافیوں نے شرکت کی۔

مقررین نے پاکستان میں زیتون کی کاشت کے بڑھتے ہوئے امکانات، مقامی پیداوار میں اضافے اور ملک میں تیار ہونے والے زیتون کے تیل کی غذائی افادیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ روزمرہ خوراک، خصوصاً سلاد اور سبزیوں میں زیتون کے تیل کا استعمال وزن کو متوازن رکھنے اور خون میں شوگر کی سطح برقرار رکھنے میں معاون ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق زیتون کے تیل میں موجود پولی فینولز دل کی صحت، دماغی کارکردگی، ہڈیوں کی مضبوطی اور نظامِ ہاضمہ کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ آنتوں میں مفید بیکٹیریا کی افزائش اور جلد و بالوں کی صحت کے لیے بھی معاون ہیں۔

مقررین نے کہا کہ متوازن غذا کے ساتھ زیتون کے تیل کا باقاعدہ استعمال ذیابیطس اور امراضِ قلب سمیت بعض بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ مقامی طور پر تیار ہونے والے زیتون کے تیل کو اپنی روزمرہ خوراک کا حصہ بنائیں۔

تقریب کے دوران آٹھویں گرینڈ نیشنل اولیو گالا 2026 کے انعقاد کا باضابطہ اعلان بھی کیا گیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ذرائع ابلاغ کے تعاون سے پاکستان میں زیتون کی کاشت اور مقامی زیتون کے تیل کی غذائی اہمیت کے حوالے سے عوامی آگاہی کو فروغ دیا جائے گا۔

Web Desk

Comments are closed.