بچوں کے حقوق کو کاروباری پالیسیوں کا حصہ بنانے پر زور، پی ایس ایکس، یونیسیف اور پاکستان بزنس کونسل کی مشترکہ تقریب
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے یونیسیف اور پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے اشتراک سے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر ’’رِنگ دی بیل فار چلڈرن‘‘ تقریب کا انعقاد کیا، جس میں کاروباری اداروں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے فیصلوں، پالیسیوں اور عملی اقدامات میں بچوں کے حقوق کو مرکزی اہمیت دیں۔
یہ تقریب یونیسیف اور اقوام متحدہ کے پائیدار اسٹاک ایکسچینجز اقدام کے تحت عالمی مہم میں پاکستان کی شرکت کا حصہ تھی۔ اس مہم میں پانچ براعظموں کے 25 ممالک کے اسٹاک ایکسچینجز شریک ہیں، جس کا مقصد کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں میں بچوں کے حقوق کو کاروباری فیصلوں اور پالیسیوں کا حصہ بنانے کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔
اس موقع پر ’’میکنگ چلڈرن کاؤنٹ: سسٹین ایبلٹی رپورٹنگ اِن پاکستان‘‘ کے عنوان سے رپورٹ بھی جاری کی گئی۔ رپورٹ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ 98 کمپنیوں کی بچوں کے حقوق اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق 29 اشاریوں کی بنیاد پر پہلی مرتبہ جائزہ رپورٹ پیش کی گئی ہے۔
جائزے کے مطابق 78 فیصد کمپنیوں نے بچوں کو فائدہ پہنچانے والی سماجی سرمایہ کاری کی تفصیلات رپورٹ کیں، تاہم کارپوریٹ گورننس، انسانی حقوق سے متعلق ذمہ داریوں، کام کی جگہوں کے طریقہ کار، سپلائی چین، مصنوعات و خدمات اور موسمیاتی و ماحولیاتی امور میں بچوں کے حقوق کو نسبتاً کم اہمیت دی گئی۔ جائزے میں شامل صرف تین فیصد کمپنیوں نے بچوں کے حقوق کے احترام سے متعلق اپنے عزم کا واضح اظہار کیا۔
رپورٹ میں کاروباری اداروں کو موجودہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور بچوں کے حقوق کو اپنی بنیادی کاروباری حکمت عملیوں اور ماحولیاتی، سماجی و انتظامی اصولوں میں منظم انداز میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان 2029 سے مرحلہ وار لازمی ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی رپورٹنگ کے تقاضے متعارف کرانے کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔ اس عمل کو پاکستان میں پائیدار کاروباری رپورٹنگ کے نظام میں بچوں کے حقوق کو زیادہ نمایاں بنانے کے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ نے کہا کہ پاکستان میں 11 کروڑ 20 لاکھ بچے آباد ہیں، جو مستقبل میں ملازمین، کاروباری شخصیات، صارفین اور کاروباری اداروں کے قائدین ہوں گے۔ تاہم کاروباری سرگرمیاں بچوں کی زندگیوں پر ان کے عملی زندگی میں داخل ہونے سے بہت پہلے اثر انداز ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ والدین کے کام کے حالات، بچوں کے زیرِ استعمال مصنوعات، خوراک، ڈیجیٹل ماحول اور ان کی پرورش پانے والی کمیونٹیز سمیت مختلف عوامل بچوں کی صحت، نشوونما اور مستقبل کے مواقع پر اثر ڈالتے ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ ایچ سبزواری نے کہا کہ سرمایہ کی منڈیاں شفافیت، ذمہ دارانہ کاروباری طرزِ عمل اور طویل مدتی قدر کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے ایجنڈے میں بچوں کے حقوق کو تسلیم کرنا بھی اسی ذمہ داری کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایکس سسٹین ایبلٹی انڈیکس اور لسٹڈ کمپنیوں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی بڑھانے اور انہیں کارپوریٹ پائیدار کاروباری طریقہ کار میں بتدریج شامل کرنے کے مواقع موجود ہیں۔
رپورٹ میں ریگولیٹری اداروں، اسٹاک ایکسچینجز اور سرمایہ کاروں کے کردار کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے تاکہ کاروباری اداروں کو رہنمائی فراہم کرنے، جوابدہی مضبوط بنانے اور بچوں پر اپنی سرگرمیوں کے اثرات کی نشاندہی اور ان کے تدارک کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
عالمی یومِ اطفال کے موقع پر منعقدہ اس تقریب نے کاروباری اداروں، مالیاتی منڈیوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو اس مشترکہ پیغام پر یکجا کیا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ سب کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے کاروباری فیصلوں، کام کی جگہوں، سپلائی چین اور سرمایہ کاری سمیت ہر شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔


Comments are closed.