پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی و عوامی روابط مضبوط بنانے پر زور

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پیرس: فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان اور فرانس کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل روابط اور مختلف شعبوں میں تبادلوں سے باہمی تعلقات کو نئی تقویت مل سکتی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب میں کیا، جو پاکستان کے حالیہ دورے کے بعد فرانس کے معزز وفد، جس میں مختلف شہروں کے منتخب میئرز اور کاروباری شخصیات شامل تھیں، کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں منتخب نمائندوں، کاروباری رہنماؤں، پیشہ ور افراد اور پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

فرانسیسی وفد کے ارکان نے پاکستان کے دورے کے دوران پاکستانی عوام کی گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے ملک کے تاریخی و ثقافتی ورثے، قدرتی حسن سے مالامال متنوع مناظر اور معاشی و سرمایہ کاری کے امکانات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

فرانسیسی سینیٹ میں پاکستان-فرانس فرینڈشپ گروپ کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹر راشد تیمل نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں عوامی سطح پر روابط کی اہمیت اجاگر کی۔

سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پارلیمنٹیرینز، میئرز اور کاروباری شخصیات کے درمیان دوروں اور تبادلوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل عوامی روابط اور دونوں ممالک کے شہروں اور قصبوں کے درمیان مضبوط تعلقات باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے ساتھ پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

انہوں نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بھی اجاگر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

Web Desk

Comments are closed.