اسلام آباد پولیس میں 240 افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی، چار برطرف

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس میں احتساب اور محکمانہ نظم و ضبط کے عمل کے تحت 240 پولیس افسران کے خلاف مختلف محکمانہ سزاؤں کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

 

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اردل روم کے دوران پولیس افسران کے خلاف عوامی شکایات، مقدمات کی تفتیش اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ناقص کارکردگی، ڈسپلن کی خلاف ورزی، ناقص تفتیش اور فرائض میں غفلت پر مختلف سزائیں دی گئیں۔

 

محکمانہ کارروائی کے تحت چار پولیس افسران کو ملازمت سے برخاست، تین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور ایک افسر کو عہدے سے تنزلی کی سزا دی گئی۔ علاوہ ازیں 17 افسران پر جرمانے عائد، 47 کی سروس ضبط اور چھ افسران کی ترقی روکنے کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ ایک افسر کا سالانہ انکریمنٹ بھی روک دیا گیا۔

 

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 161 افسران کی مختلف سزاؤں کے خلاف اپیلیں منظور کرلی گئیں، جبکہ شوکاز نوٹسز پر تنبیہ کے بعد معاملات نمٹا دیے گئے۔

 

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ ناقص کارکردگی، فرائض میں غفلت اور بدعنوانی کے مرتکب افسران کے لیے محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور فرائض میں غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا اور پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا۔

Web Desk

Comments are closed.