جھل مگسی میں ہندو برادری کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
جھل مگسی، 20 نومبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان قادر شکیل کی ہدایات پر ہندو برادری کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے ہندو دربار گنداواہ میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔
کھلی کچہری کی مشترکہ صدارت ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ، ونگ کمانڈر ایف سی 51 ونگ لیفٹیننٹ کرنل عاصم خان اور ایس پی جھل مگسی رحمت اللہ درانی نے کی۔
اس موقع پر ہندو برادری کے رہنماؤں اور عمائدین نے ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پولیس حکام کو اپنے مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص بجلی، پینے کے صاف پانی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مسائل پیش کیے۔ علاقے میں امن و امان اور ہندو برادری کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی تجاویز اور مطالبات سامنے رکھے گئے۔
ڈپٹی کمشنر سید رحمت اللہ شاہ نے شرکاء کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات اور مؤثر پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام شہریوں کو بلاامتیاز بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اقلیتی برادری کے مسائل کا حل اور ان کے حقوق کا تحفظ انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایف سی اور پولیس حکام نے بھی ہندو برادری کو امن و امان اور سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون اور تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ہندو برادری کے رہنماؤں اور عمائدین نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پولیس حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے عوامی مسائل کے حل اور انتظامیہ و عوام کے درمیان رابطے کے فروغ کے لیے اہم اقدام قرار دیا


Comments are closed.