عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 21 نومبر: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مقامی صارفین کو غیر ضروری قیمتوں میں اضافے سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو رسد کے نظام کی مسلسل نگرانی اور منڈی میں استحکام برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
وہ ہفتے کو اسلام آباد میں اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں ملک میں چینی کے ذخائر اور مقامی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چینی کے دستیاب ذخائر کے تازہ تخمینوں اور مقامی کھپت کی ضروریات پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضابطہ جاتی حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا تاکہ چینی کی برآمد کی اجازت مقامی منڈی کے استحکام اور ملکی ضروریات سے ہم آہنگ رہے۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رسد کے نظام کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ مقامی صارفین کو قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سیکریٹری خزانہ اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔


Comments are closed.