عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 21 نومبر: صدر مملکت آصف علی زرداری نے لبنان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور اسرائیل کی جانب سے لبنان کی خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیوں اور دراندازیوں کی مذمت کی ہے۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے لبنان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر جنرل جوزف عون کے نام اپنے خط میں حکومت اور عوام پاکستان اور اپنی جانب سے لبنانی عوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور لبنان کے درمیان باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور ثقافتی روابط پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
صدر مملکت نے موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دشمنی کے خاتمے، جنگ بندی کے انتظامات پر سختی سے عملدرآمد اور لبنان کے تمام مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مکمل اور غیر مشروط انخلا پر زور دیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، بالخصوص قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
صدر مملکت نے لبنان کی جانب سے ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے، قومی یکجہتی برقرار رکھنے اور پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔


Comments are closed.