جامعہ تربت کے طلبہ کے لیے آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ کا اسکالرشپس 20 سے بڑھا کر 50 کرنے کا اعلان

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

تربت، 21 نومبر: جامعہ تربت کے زیر اہتمام چار روزہ ’’کیچ اکیڈمک گالا 2026‘‘ شاندار علمی، تخلیقی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے بعد پروقار تقریب میں اختتام پذیر ہوگیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ تھے، جنہوں نے جامعہ کی ترقی اور طلبہ کی معاونت کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔

جامعہ تربت آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آئی جی ایف سی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر آفس میں دونوں شخصیات کے درمیان رسمی ملاقات بھی ہوئی۔

اختتامی تقریب سے قبل آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام بزنس گالا کے آخری روز آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ نے وائس چانسلر کے ہمراہ مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور طلبہ و طالبات کی تخلیقی سوچ، کاروباری ماڈلز اور عملی مہارتوں کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ نے کہا کہ اس بڑے تعلیمی میلے نے ثابت کیا ہے کہ جامعہ تربت کے طلبہ و طالبات بے پناہ تخلیقی صلاحیتوں اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کے تمام لوگ امن کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں جامعہ تربت معیاری تعلیم، ٹیکنالوجی، امن اور مثبت سوچ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

آئی جی ایف سی نے جامعہ کی مزید ترقی کے لیے تعاون کا اعلان کرتے ہوئے آئی جی ایف سی اسکالرشپس کی تعداد 20 سے بڑھا کر 50 کرنے، گرلز اور بوائز ہاسٹلز کو شمسی توانائی کے نظام پر منتقل کرنے، 300 کے وی جنریٹر فراہم کرنے، کیمپس میں اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے، طلبہ کے کاروباری منصوبوں اور اسٹارٹ اپس کی معاونت اور ملٹی پرپز ہال کی مکمل تزئین و آرائش کا اعلان کیا۔

انہوں نے طلبہ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ امن کے قیام اور منشیات کے خاتمے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے خطاب میں جامعہ تربت کی ترقی میں دلچسپی لینے پر آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے گالا کے کامیاب انعقاد میں کردار ادا کرنے والے مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں کے کوآرڈینیٹرز ڈاکٹر محمد یاسین، ڈاکٹر غلام جان، ڈاکٹر محمد سالم، ڈاکٹر صادق صباء، ڈاکٹر محمد وارث، ڈاکٹر محمد ارشاد، منیر احمد، انجینئر بلال الرحمان، میڈم رقیہ میروانی، چاکر حیدر اور غوث بخش بزنجو سمیت معاونین، جیوری ممبران، فیکلٹی، انتظامی عملے، طلبہ رضاکاروں، ضلعی انتظامیہ، میڈیا، تاجر برادری، سول سوسائٹی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں مختلف سائنسی، تعلیمی اور کاروباری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء میں اسناد، یادگاری شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ وائس چانسلر نے معزز مہمانوں کو جامعہ تربت کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

تقریب کی نظامت کے فرائض ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز چاکر حیدر نے انجام دیے۔

گالا کے اختتام پر شرکاء اور معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزنس گالا، مصنوعی ذہانت کے بوٹ کیمپ، کیریئر کونسلنگ، سائنس و آرٹ نمائش، تعلیمی مباحثوں، ڈرامے، مشاعرے، کتب نمائش اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد نے جامعہ تربت کو خطے میں جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور کاروباری جدت کے فروغ کا ایک اہم مرکز اجاگر کیا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.