منظر نقوی
پاکستان کا بینکاری شعبہ مسلسل مضبوط مالیاتی کارکردگی اور منافع کا مظاہرہ کر رہا ہے، لیکن دوسری جانب ملکی معیشت کا پیداواری شعبہ صنعتی ترقی کی سست رفتاری، نجی سرمایہ کاری میں کمی اور روزگار کے محدود مواقع جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ یہ صورتحال بینکاری نظام کی ترجیحات اور قومی معاشی ترقی میں اس کے کردار کے حوالے سے اہم سوالات اٹھاتی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ستمبر 2026ء کے سہ ماہی اعداد و شمار کے مطابق ملک کے پانچ بڑے بینک مجموعی بینکاری اثاثوں کے 57.3 فیصد اور مجموعی ڈپازٹس کے 53 فیصد کے حامل ہیں۔ مالی وسائل کا چند بڑے اداروں میں یہ ارتکاز اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ جائزہ لیا جائے کہ آیا بینکاری نظام ملکی معیشت میں پیداواری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مطلوبہ کردار ادا کر رہا ہے یا اس کی توجہ نسبتاً محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری تک محدود ہوتی جا رہی ہے۔
ایک مستحکم اور منافع بخش بینکاری شعبہ مالیاتی نظام پر اعتماد برقرار رکھنے اور کھاتہ داروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ تاہم ترقی پذیر معیشت میں، جہاں صنعتوں کو سرمایہ اور چھوٹے کاروباروں کو مالی معاونت کی ضرورت ہو، بینکوں کی کامیابی کو صرف منافع کی بنیاد پر نہیں پرکھا جا سکتا۔ کسی بھی بینکاری نظام کی حقیقی افادیت اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ وہ عوامی بچتوں کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے میں کس حد تک معاون ہے۔
پاکستان کے بینکاری شعبے کے حوالے سے ایک اہم پہلو سرکاری سیکیورٹیز میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہے۔ کمرشل بینک حکومتی قرضہ جاتی آلات کو نسبتاً محفوظ اور متوقع منافع کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں مالی وسائل کا بڑا حصہ صنعت، زراعت، برآمدات اور چھوٹے کاروباروں کے بجائے سرکاری قرضوں کی مالی معاونت میں استعمال ہو رہا ہے۔ اگرچہ حکومتی مالی ضروریات پوری کرنا بینکوں کی جائز کاروباری سرگرمی ہے، تاہم اس شعبے پر ضرورت سے زیادہ انحصار نجی شعبے کے لیے قرضوں کی دستیابی محدود کر سکتا ہے۔
اس عدم توازن کے اثرات ملکی معیشت کے مختلف شعبوں پر مرتب ہوتے ہیں۔ کاروباری اداروں کو توسیع، جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور روزمرہ کاروباری ضروریات کے لیے قرضے حاصل کرتے وقت سخت ضمانتی شرائط، پیچیدہ طریقہ کار اور مہنگی فنانسنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نتیجتاً متعدد قابلِ عمل کاروباری منصوبے مطلوبہ مالی معاونت نہ ملنے کے باعث عملی شکل اختیار نہیں کر پاتے۔ اس صورتحال سے صنعتی ترقی، کاروباری مسابقت، روزگار اور برآمدات میں اضافے کے امکانات متاثر ہوتے ہیں۔
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے اس صورتحال سے بالخصوص متاثر ہوتے ہیں۔ تجارتی سرگرمیوں اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرنے کے باوجود ان اداروں کو رسمی بینکاری نظام سے مناسب مالی سہولتیں حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ بہت سے چھوٹے کاروباروں کے پاس نہ بڑی جائیدادیں ہوتی ہیں اور نہ ہی ایسا تفصیلی مالیاتی ریکارڈ دستیاب ہوتا ہے جو روایتی بینکاری تقاضوں کو پورا کر سکے۔ اس کے نتیجے میں کاروباری افراد ذاتی بچتوں یا غیر رسمی قرضوں پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، جس سے ان کی ترقی اور کاروبار کی توسیع محدود ہو جاتی ہے۔
پاکستان کو زیادہ جامع اور جدید قرضہ جاتی نظام کی طرف پیش رفت کرنا ہوگی۔ نقد بہاؤ کی بنیاد پر فنانسنگ، ڈیجیٹل کریڈٹ اسیسمنٹ اور کاروباری لین دین کے ریکارڈ کی بنیاد پر قرضوں کی فراہمی جیسے طریقے بینکوں کو قرض لینے والوں کی حقیقی کاروباری کارکردگی اور ادائیگی کی صلاحیت جانچنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ مالیاتی ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے قرضوں کی فراہمی کے اخراجات کم، مالیاتی خطرات کا بہتر اندازہ اور ان کاروباری اداروں تک بھی بینکاری سہولتوں کی رسائی ممکن بنائی جا سکتی ہے جو اب تک رسمی مالیاتی نظام سے باہر ہیں۔
بینکاری اثاثوں کا چند بڑے اداروں میں ارتکاز بھی ضابطہ جاتی سطح پر توجہ کا متقاضی ہے۔ بڑے بینک اپنے وسائل، وسیع نیٹ ورک اور مضبوط مالیاتی ڈھانچے کے باعث مالیاتی استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم ضرورت سے زیادہ ارتکاز مسابقت کو محدود کر سکتا ہے۔ کمرشل بینکوں، چھوٹے مالیاتی اداروں اور ڈیجیٹل بینکوں کے درمیان صحت مند مسابقت سے خدمات کے معیار، مالی سہولتوں تک رسائی اور جدت کو فروغ مل سکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو مالیاتی استحکام اور مؤثر نگرانی برقرار رکھتے ہوئے بینکاری شعبے کی پالیسیوں کو قومی معاشی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی فنانسنگ، زرعی قرضوں، مالیاتی شمولیت اور صارفین کے تحفظ سے متعلق اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ بینکوں کو برآمد کنندگان، صنعت کاروں، خواتین کاروباری شخصیات اور ٹیکنالوجی پر مبنی نئے کاروباروں کی ضروریات کے مطابق خصوصی مالیاتی سہولتیں متعارف کرانے کی ترغیب بھی دی جانی چاہیے۔
تاہم صرف بینکاری اصلاحات اس مسئلے کا مکمل حل نہیں ہیں۔ مسلسل مالیاتی خسارہ اور حکومت کی بڑے پیمانے پر قرض لینے کی ضروریات بھی بینکوں کو سرکاری قرضہ جاتی آلات میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرتی ہیں۔ جب تک مالیاتی نظم و ضبط بہتر بنانے، محصولات کی وصولی میں اضافے اور سرکاری اخراجات کے ذمہ دارانہ انتظام کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جاتے، نجی شعبے کے لیے قرضوں کی فراہمی میں خاطر خواہ اضافہ مشکل رہے گا۔
حکومت کو ملکی بینکوں سے قرض لینے پر انحصار کم کرنے کے ساتھ نجی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ اسی طرح کمرشل بینکوں کو بھی اس حقیقت کو مدنظر رکھنا چاہیے کہ ان کی طویل مدتی ترقی اور مالیاتی کامیابی بالآخر ملکی معیشت کی مضبوطی سے وابستہ ہے۔
پاکستان محض بینکوں کے بڑھتے ہوئے منافع کی بنیاد پر پائیدار معاشی ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ ضروری ہے کہ مالی وسائل کا رخ صنعتی توسیع، برآمدات میں تنوع، زرعی پیداوار میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی طرف موڑا جائے۔ ایک مؤثر بینکاری نظام کی کامیابی کا معیار صرف اس کے بڑھتے ہوئے منافع اور اثاثوں کا حجم نہیں، بلکہ قومی خوشحالی اور معاشی مواقع کے فروغ میں اس کا حقیقی کردار بھی ہونا چاہیے۔
اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اپنے بینکاری نظام کو سرکاری قرضوں پر ضرورت سے زیادہ انحصار کرنے والے ڈھانچے سے نکال کر ایک متوازن، مسابقتی اور پیداواری معاشی ترقی کے معاون مالیاتی نظام میں تبدیل کرے۔ اسی طرح بینکاری شعبے کی کامیابی کو صنعت کاروں، تاجروں، محنت کشوں اور عام شہریوں کی معاشی خوشحالی سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔


Comments are closed.