عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کراچی (22 نومبر 2026): پاکستان کی زرعی اور غذائی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لیے چوتھی فوڈ ایگ 2026 نمائش کا آغاز 23 نومبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔ اس سلسلے میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے زیر اہتمام نمائش کی سافٹ لانچنگ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں زرعی و غذائی شعبے کی برآمدات بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد نے فوڈ ایگ 2026 کی تیاریوں اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش پاکستانی کاشت کاروں، پیداواری اداروں اور برآمد کنندگان کو بین الاقوامی کمپنیوں اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے منسلک کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔








تقریب کے مہمان خصوصی اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن نے زرعی و غذائی شعبے کی برآمدات کے فروغ کو حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیا۔ انہوں نے زرعی اور غذائی مصنوعات کے معیار اور پائیداری کو بہتر بنانے کے لیے حکومت اور متعلقہ صنعتوں کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
نمائش کا موضوع ’’جدت کے ذریعے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور پائیدار ترقی کا فروغ‘‘ رکھا گیا ہے۔
تقریب میں شریک غیر ملکی کمپنیوں اور مندوبین نے پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کے معیار، مسابقتی قیمتوں اور عالمی منڈیوں میں ان کی بڑھتی ہوئی طلب میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ بین الاقوامی شیفس نے بھی پاکستانی اجزا کے معیار اور مختلف عالمی کھانوں میں ان کے استعمال کی صلاحیت کو سراہا۔
فوڈ ایگ 2026 چار روز تک جاری رہے گی، جس میں 70 سے زائد ممالک کی 850 غیر ملکی کمپنیوں اور مندوبین کے علاوہ 400 پاکستانی نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔ نمائش کے دوران اعلیٰ سطحی کاروباری ملاقاتوں، سیمینارز، ورکشاپس، پوڈکاسٹس اور گلوبل کزن شو کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جس میں ماسٹر کلاسز اور شیفس کے خصوصی سیشن شامل ہوں گے۔
غیر ملکی مندوبین کے اعزاز میں افتتاحی عشائیہ 23 نومبر کو گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوگا۔ پہلی مرتبہ نمائش کو چار روز تک توسیع دی گئی ہے، جس کے ابتدائی تین روز کاروباری سرگرمیوں کے لیے مخصوص ہوں گے، جبکہ 26 نومبر کو عام شہریوں کو بھی نمائش دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

Comments are closed.