پی ایس ایل 12 کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، محسن نقوی کا اعلان
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 12 کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا، جبکہ جنوری 2027 میں پاکستان، پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سہ فریقی کرکٹ سیریز بھی پشاور میں کھیلی جائے گی۔
یہ اعلان انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ گورنر ہاؤس پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بشمول ضم شدہ اضلاع، میں کھیلوں اور کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں آئندہ 10 سے 15 روز میں ایک باقاعدہ اسکیم کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ میچز منعقد کرانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں خیبرپختونخوا کا اہم کردار ہے اور صوبے میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے آگے بڑھنے کے مناسب مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دینا دوسری ترجیح ہے۔
گورنر نے صوبے کی ترقی کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور تحصیل کی سطح تک صفائی مہم شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کان کنی کے ٹھیکے قانون کے مطابق دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدن دہشت گردی کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔ پلیسر گولڈ کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد لیز منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کیا گیا ہے۔
گورنر نے مزید بتایا کہ کان کنی کے شعبے میں نئے قواعد و ضوابط مرتب کرنے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔ ان کے بقول غیر قانونی کان کنی میں 6 ہزار سے زائد ایکسویٹرز اور دیگر مشینری استعمال ہو رہی تھی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 13 سال گزرنے کے باوجود خیبرپختونخوا میں نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دوبارہ بحال کیا جائے گا۔


Comments are closed.