عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 23 نومبر: وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے سرحد پار بچوں کے اغوا کے مقدمات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے بین الاقوامی عدالتی تعاون، ادارہ جاتی استعداد کار اور متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
کینیڈا۔پاکستان جسٹس کوآپریشن پروجیکٹ اور مساوی (Musawi) کے مشترکہ اہتمام سے 1980 کے ہیگ کنونشن برائے بین الاقوامی اغوائے اطفال کے سول پہلوؤں سے متعلق بین الاداراتی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بچوں کا تحفظ اور ان کے بہترین مفادات کو مقدم رکھنا تمام قانونی اور ادارہ جاتی کوششوں کا بنیادی محور ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سرحد پار بچوں کے اغوا کے مقدمات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی نظام کو مستحکم بنانے، متعلقہ سرکاری محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور بین الاقوامی عدالتی حکام کے ساتھ مسلسل تعاون کی ضرورت ہے۔
وزیر مملکت نے بچوں کے حقوق کے تحفظ، پاکستان کے قانونی و ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور قومی نظام کو بین الاقوامی معیارات اور بہترین روایات سے ہم آہنگ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے متعلقہ فریقین کی پیشہ ورانہ تربیت، آگاہی اور استعداد کار میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کینیڈا۔پاکستان جسٹس کوآپریشن پروجیکٹ کے ذریعے حکومت کینیڈا کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے پاکستان کے نظام انصاف کی مضبوطی، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں اس کے کردار کو اہم قرار دیا۔
انہوں نے تربیتی پروگرام کے انعقاد اور بچوں کے تحفظ اور بین الاقوامی قانونی تعاون سے متعلق امور پر متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مساوی (Musawi) اور اس کے شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
وزیر مملکت نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس نوعیت کے مشترکہ اقدامات سے سرحد پار بچوں کے اغوا کے مقدمات میں انصاف کی فراہمی، قانونی تحفظ اور متاثرہ بچوں کی فلاح و بہبود کو فروغ ملے گا۔


Comments are closed.