گلگت بلتستان میں اہم ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گلگت: ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) گلگت بلتستان ماجد محسن پنہور نے پی ایس ڈی پی کے تحت جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرکے کام کی رفتار، معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔

ان منصوبوں میں ریجنل گرڈ پراجیکٹ، شاہراہِ نگر اور سینٹرل ہنزہ گریٹر واٹر سپلائی اسکیم شامل ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ حکام سے منصوبوں پر عمل درآمد میں درپیش مسائل پر تبادلۂ خیال کیا اور ان کے بروقت حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے منصوبوں پر جاری کام کی مجموعی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹس اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی، اچانک موقع پر معائنہ اور پیش رفت کا مسلسل جائزہ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی رکاوٹ یا مسئلے کی صورت میں فوری طور پر محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت مداخلت کے ذریعے مسائل حل کرکے ترقیاتی کام بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔

ماجد محسن پنہور نے کہا کہ یہ اہم منصوبے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی، عوامی خدمات کی بہتری اور مقامی آبادی کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Web Desk

Comments are closed.