بلوچستان میں 12 دسمبر سے انسداد پولیو مہم، انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت 

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 25 نومبر 2026

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 12 سے 15 دسمبر 2026 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی سطح پر اجلاس منعقد کیے گئے، جن میں مائیکرو پلاننگ، ٹیموں کی تشکیل، سکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات پر غور کیا گیا۔

ضلع گوادر میں آئندہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 35 ہزار 664 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 207 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 166 موبائل، 29 فکسڈ اور 12 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ مہم کی نگرانی کے لیے 20 یونین کونسل انچارجز اور 38 ایریا انچارجز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

گوادر میں اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے کی، جنہوں نے متعلقہ اداروں کو مہم سے قبل تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے اور حساس علاقوں میں سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ہرنائی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم ترین کی زیر صدارت اجلاس میں ٹیموں کی تشکیل، دور دراز علاقوں تک رسائی اور پولیو ورکرز کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو قطرے پلانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

زیارت میں اسسٹنٹ کمشنر حبیب الرحمٰن کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس میں بھی مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ٹیموں کی کارکردگی اور مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاسوں میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے اور بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Web Desk

Comments are closed.