پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے پر اتفاق

6

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

اسلام آباد، 25 نومبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اور ان کے ہمراہ آنے والے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے موقع پر کیا۔

 

وزیراعظم نے بنگلہ دیشی اسپیکر اور وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی پس منظر اور ثقافتی ہم آہنگی کو باہمی تعلقات کی اہم بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقاتیں اور روابط پارلیمانی تعاون کے وسیع امکانات کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلوں سے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں قریبی دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔

 

بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

Web Desk

Comments are closed.